نئی دہلی،24 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی سربراہی میں پارٹی کے ایک وفد نے جمعرات کو صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی اور مرکزی زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ صدر سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرے اور ان قوانین کو واپس لے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایاکہ ہم نے صدر کو بتایا کہ یہ قوانین کسان مخالف ہیں اور اس سے مزدوروں اور کسانوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے اور کسان ان قوانین کے خلاف ہیں۔میں پہلے سے ہی بات کررہا ہوں، میں نے کورونا کے بارے میں بھی کہا تھا کہ نقصان ہونے والا ہے۔ اس وقت کسی نے نہیں سنا۔ آج میں ایک بار پھر بول رہا ہوں کسان اورمزدور کے ساتھ کوئی طاقت کھڑی نہیں ہوسکتی ہے۔
گاندھی نے کہاکہ وزیر اعظم کو یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ یہ مزدور اور کسان واپس چلے جائیں گے۔جب تک ان قوانین کو واپس نہیں لیا جاتا تب تک یہ کسان پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہاکہ مشترکہ اجلاس طلب کریں اور قوانین کو واپس لیں۔کانگریس کے رہنما نے دعوی کیا کہ اگر وزیر اعظم نے قوانین کو واپس نہیں لیا تو صرف بی جے پی اور آر ایس ایس نہیں بلکہ ملک کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر کو دو کروڑ دستخطوں کے ساتھ ایک میمورنڈم دیا گیا ہے۔